سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ٹینری زون ڈائریکٹرز کا اجلاس، پلاٹس پر تعمیر نہ کرنے والے مالکان کیلئے وارننگ جاری،تعمیراتی منصوبوں کی منظوری، زون سے باہر قائم ٹینریوں کو بند کرنے کا عندیہ
سیالکوٹ ٹینری زون کے ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین سرفراز احمد بھٹی نے کی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو چوہدری احمد ذوالفقار حیات، ڈاکٹر اسلم ڈار اور پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد عاطف نے شرکت کی اور مختلف امور پر خطاب کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سرفراز احمد بھٹی نے کہا کہ حکومت پنجاب، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، صدر چیمبر آف کامرس اکرام الحق اور عوامی نمائندے ٹینری زون کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹینری مالکان زون میں عمارتوں کی تعمیر میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، جو خوش آئند امر ہے۔
انہوں نے سختی سے متنبہ کیا کہ جو مالکان اپنے الاٹ شدہ پلاٹس پر تعمیراتی کام میں تاخیر کر رہے ہیں، وہ فوری طور پر کام شروع کریں، بصورت دیگر حکومت پنجاب زون سے باہر قائم تمام غیر منتقل شدہ ٹینریوں کو بند کر دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹینری زون کی جلد تکمیل اور فعال حیثیت حاصل کرنے کے لیے وقت پر تعمیرات ناگزیر ہیں۔
اجلاس میں ٹینری زون میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدہ منظوری بھی دی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹرز شیخ سعید ناصر، کرنل (ر) احتشام گیلانی، شہزادہ سید ابن اقبال سمیت دیگر ڈائریکٹرز اور سٹاف ممبران بھی شریک تھے۔
اجلاس میں زون کی مجموعی ترقی، ماحولیاتی ضوابط کی پاسداری اور صنعتوں کی بروقت منتقلی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، تاکہ سیالکوٹ کی چمڑا صنعت عالمی معیار پر لائی جا سکے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔