سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی زیر صدارت ڈی سی سیالکوٹ میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیالکوٹ ٹینری زون کے 16 سال سے التوا کا شکار منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ خواجہ محمد آصف نے واضح کیا کہ تمام ٹینریوں کو 30 دسمبر تک سیالکوٹ ٹینری زون میں منتقل کیا جائے، بصورت دیگر ذمہ داروں کے خلاف نیب کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں ضلع کچہری کے دفاتر کو شہر سے باہر منتقل کرنے اور خالی ہونے والی جگہ کو پارک میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ جی سی ویمن یونیورسٹی کو ایمن آباد روڈ پر نئے کیمپس میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈسکہ روڈ پر جنرل بس اسٹینڈ کی منتقلی کے لیے 22 کروڑ روپے کی لاگت سے زمین خریدی جائے گی، اور اس کے سامنے انڈر پاس بھی تعمیر ہوگا۔

شہر کے اہم چوکوں پر ٹریفک سگنلز کی تنصیب، تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن، اور ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے روڈ انجینئرنگ بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ خواجہ آصف نے رنگ روڈ کی تعمیر اور پسرور روڈ کو ڈسکہ روڈ سے ملانے کے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ کشمیر روڈ پر کینٹ اور شہر کو ملانے کے لیے فلائی اوور کی تعمیر کا منصوبہ بھی حتمی مراحل میں ہے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے آئی ٹی پارک کی تعمیر اور سیف سٹیز پراجیکٹ کی اہمیت پر بھی بات کی گئی۔ خواجہ محمد آصف نے اعلان کیا کہ سیالکوٹ کھاریاں موٹر وے 2025 تک مکمل ہوگی، جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے کو تھری لین میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔

انرجی کے بچاؤ کے لیے مارکیٹوں کو رات 8 بجے تک بند کرنے کی تجویز دی گئی، اور شہر میں ٹریفک کی روانی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، توحید اختر چودھری، چوہدری بشیر، شاہد کہگ، اور رفیق مغل نے بھی شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے سٹی ڈویلپمنٹ پیکج کے حوالے سے بریفنگ دی۔

Shares: