سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ کوتوالی کے ایس ایچ او سب انسپکٹر کاشف علی بٹ نے چارج سنبھالتے ہی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ رانا عمر فاروق کے کرائم کنٹرول میکنزم کے تحت کارروائیوں میں ناجائز اسلحہ رکھنے اور ہوائی فائرنگ کرنے والے متعدد ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
ایس ایچ او کاشف بٹ نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ایسے عناصر کو گرفتار کیا جو ہوائی فائرنگ کے ذریعے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کے مرتکب تھے۔ ان کی اس کامیاب مہم پر شہری حلقوں کی جانب سے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ کاشف بٹ اس سے قبل تھانہ ہیڈ مرالہ میں ایس ایچ او کے طور پر امن و امان کے قیام میں نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈی پی او سیالکوٹ کی جانب سے اس قابل افسر کی تھانہ کوتوالی میں تعیناتی کے بعد جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئی ہے، جس سے عوام میں تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔








