سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،بیورو چیف شاہد ریاض) مانگا پُل کے قریب قتل ہونے والے سات افراد میں سے چھ کی نماز جنازہ نارنگ منڈی کے نواحی گاؤں ماڑی کلاں میں ادا کر دی گئی، جبکہ ایک مقتول، محمد سلیم تاج محمد کی میت کو ان کے اہل خانہ اپر دیر لے گئے۔ جنازے کے موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور سسکیوں کے ساتھ انہیں سپرد خاک کیا گیا۔ علاقے کی فضا سوگوار رہی اور جنازہ لانے کے وقت کہرام مچ گیا۔

مقتولین کا تعلق ایک ہی گاؤں سے تھا اور وہ آپس میں رشتہ دار تھے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نارنگ منڈی کے رہائشی بابر میو اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ سیالکوٹ میں اپنی بہن کے گھر سے تعزیت کرکے واپس آرہے تھے۔ تھانہ قلعہ کالروالا کی حدود میں مانگا پُل کے قریب گھات لگائے ملزمان نے فارچیونر گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ہی گاؤں کے چھ افراد سمیت سات افراد جاں بحق ہو گئے۔

مرنے والوں میں پنجاب پولیس کے ملازم نثار جو لاہور کی ڈسٹرکٹ جیل میں وارڈن کے طور پر تعینات تھے بھی شامل ہیں۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد مدعی کی درخواست پر آٹھ نامزد اور تین نامعلوم افراد سمیت گیارہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ضلع سیالکوٹ اور شیخوپورہ کی پولیس ٹیمیں ملزمان کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہیں۔

Shares: