مزید دیکھیں

مقبول

سیالکوٹ: 3 ارب ڈالر سالانہ کمانے والا صنعتی شہر، ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار

سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں تیار ہونے والی آلاتِ جراحی، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کے سامان اور میوزیکل انسٹرومنٹس بین الاقوامی معیار کی حامل ہیں، جن کی دنیا بھر میں مانگ ہے اور ان کی برآمد سے ملک کو سالانہ 3 بلین ڈالر سے زائد کا قیمتی زرِ مبادلہ حاصل ہوتا ہے۔

یہ بات انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ (NIM) اسلام آباد کے زیر نگرانی 37ویں سینیئر مینجمنٹ کورس میں شریک 18 رکنی افسران کے وفد کو ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ضلع سیالکوٹ کی انتظامی، تاریخی، سیاسی، جغرافیائی، سماجی اور معاشی حیثیت پر بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ وفد کی قیادت سمرین زہرہ اور فوزیہ آفتاب کر رہی تھیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سیالکوٹ میں 8 ہزار سے زائد صنعتی یونٹس کام کر رہے ہیں، جو دنیا بھر میں مصنوعات برآمد کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ شہر کی فی کس آمدن ملک کے دیگر شہروں سے زیادہ ہے۔ سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور گجرات مل کر پاکستان کا "انڈسٹریل ٹرائی اینگل” بناتے ہیں جو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے ہنر مندوں کی مہارت عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے اور یہاں کے کاروباری افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ڈرائی پورٹ اور ایئر لائن جیسے بڑے منصوبے کامیابی سے مکمل کیے، جو پاکستان میں پبلک-پرائیویٹ شراکت داری کی شاندار مثال ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے سیالکوٹ کے تاریخی و قومی کردار پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ شہر علامہ اقبال، فیض احمد فیض، امجد اسلام امجد، ظہیر عباس، ظفر علی خان اور کلدیپ نیئر جیسے نابغہ روزگار شخصیات کا مسکن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگِ ستمبر 1965 میں چونڈہ کے محاذ پر دنیا کی سب سے بڑی ٹینکوں کی جنگ لڑی گئی جہاں سیالکوٹ کے شہریوں نے پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑتے ہوئے دشمن کو شکست دی، جس پر شہر کو ہلالِ استقلال کا اعزاز ملا۔

انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ میں متعدد میگا پراجیکٹس وفاق اور صوبائی حکومت کے تعاون سے زیرِ تعمیر ہیں، جن میں یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی، گورنمنٹ وویمن یونیورسٹی کے نئے کیمپسز، سرکاری میڈیکل کالج سمیت نجی شعبے کے 3 میڈیکل کالج اور 3 یونیورسٹیاں شامل ہیں۔

اختتام پر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد کی جانب سے ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین کو سووینئر پیش کیا گیا اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا گیا۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں