سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)چیئرمین وزیر اعلیٰ ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ، برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین (ستارہ امتیاز ملٹری) نے کہا ہے کہ سیالکوٹ امن و محبت کے علمبردار شہریوں کا شہر ہے، جنہوں نے ہمیشہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ کے کمیٹی روم میں ضلعی امن کمیٹی اور میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، ایس پی عثمان سیفی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے کہا کہ امن کمیٹیاں ہمارے معاشرتی ڈھانچے کا روایتی مگر مؤثر حصہ ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مؤثر ہوتی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف مکاتب فکر کا گہوارہ ہے، لیکن ہمارا مشترکہ رشتہ اسلام ہے، جو امن، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔

میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے بھارتی اشتعال انگیزی کا مدلل، مہذب اور مؤثر جواب دیا اور 12 اپریل سے جاری میڈیا وار میں پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ میڈیا نے ہمیشہ امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، مسائل کی نشان دہی کی اور اُن کے حل کے لیے تجاویز بھی دیں۔

برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران تمام بڑے ماتمی جلوسوں کے ساتھ کلینک آن ویلز گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی نگرانی میں سبیلوں اور لنگر کے معیار کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر جنریٹرز بھی مہیا کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بارش یا آندھی کی صورت میں ڈی واٹرنگ پمپس کی سہولت اور سیکیورٹی اقدامات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیے جائیں گے تاکہ عزاداران کو کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے کہا کہ مسلمانوں میں بنیادی عقائد پر کوئی اختلاف نہیں، صرف چند عناصر ذاتی مفادات کی خاطر اختلافات کو ہوا دیتے ہیں۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ملک دشمن عناصر کبھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے، کیونکہ پاکستانی قوم متحد ہے اور امن و بھائی چارے کا علَم تھامے ہوئے ہے۔

Shares: