سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹر مدثررتو) ہندو برادری کا دیوالی تہوار عقیدت و احترام سے منایا گیا، مندر میں روشنیاں کی گئیں اور کیک بھی کاٹا گیا
تفصیل کے مطابق سیالکوٹ میں پیرس روڈ پر واقع مندر میں ہندو برادری نے دیوالی کا تہوار عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ مندر کو برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجایا گیا جبکہ روایتی ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے، جس سے تہوار کی رونق میں اضافہ ہوا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر محمد افضل سکھیرا، امن کمیٹی کے ضلعی کوآرڈینیٹر حافظ اصغر علی چیمہ اور مختلف مذاہب کے رہنما شریک ہوئے اور ہندو برادری کے ساتھ دیوالی کی خوشیاں بانٹتے ہوئے کیک کاٹا۔
سردار جسکرن سنگھ نے اپنے قائد سردار رمیش سنگھ اروڑہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اقلیتی برادری کے لیے مثبت اقدامات کیے ہیں۔ ان کے تعاون سے دیوالی کے موقع پر سیالکوٹ کے لیے 70 امدادی چیک بھی تقسیم کیے گئے۔
سردار جسکرن سنگھ نے کونسلر موتی لال کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ساروپہ پہنایا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب میں ملک و قوم کی امن اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔








