سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) نوجوان لڑکی کی خفیہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے چار افراد کے خلاف مقدمہ درج، دو گرفتار
تفصیل کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے چاکھو بھٹی تھانہ سبز پیر کی حدود میں ایک شرمناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک نوجوان لڑکی کی تصاویر چوری چھپے کھینچ کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی گئیں۔ متاثرہ لڑکی کے والد امجد کی جانب سے پولیس کو شکایت درج کروائی گئی، جس میں بتایا گیا کہ چار افراد علی حسن، فرح، اورنگ زیب سمیت نامعلوم ملزم نے ان کی بیٹی کی تصاویر خفیہ طریقے سے لیں اور انٹرنیٹ پر وائرل کر دیں۔
شکایت موصول ہونے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے باقی ساتھیوں کو بھی پکڑنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
متاثرہ خاندان نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے یقین دہانی کروائی کہ قانون کی پوری قوت کے ساتھ اس معاملے کی تفتیش کی جائے گی تاکہ متاثرین کو انصاف مل سکے اور ملزمان کو ان کے کیے کی سزا دی جا سکے۔