سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹ مدثر رتو) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی انتھک محنت سے صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔ مسلم لیگ ن نے ترقیاتی سفر وہیں سے شروع کیا ہے جہاں پچھلی حکومت کے دوران چھوڑا گیا تھا۔ یہ بات انہوں نے یونین کونسل بونکن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر کہی۔
اس موقع پر موجود شخصیات میں چودھری عمر ایوب، سابق یوسی چیئرمین میاں شاہد پرویز، میاں منیر احمد، میاں جمیل، میاں شہباز محمد، مہر عارف، ڈاکٹر اسد، راجہ شاہد (دی راج ہوٹل)، عبدالحمید قاسم اور سب انجینئر حافظ اقبال شامل تھے۔
محمد منشاء اللہ بٹ نے جاری ترقیاتی اسکیموں کے معیار کا معائنہ کیا اور میونسپل کارپوریشن کے انجینئرنگ ونگ کو ہدایت کی کہ گلیوں اور سڑکوں کے لیول کو مدنظر رکھا جائے تاکہ سیوریج کے مسائل کو حل کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے 11 ماہ کی مختصر مدت میں ترقیاتی منصوبوں کے انبار لگا دیے ہیں، جن میں ہونہار اسکالرشپ، ستھرا پنجاب، اور چیف منسٹر ڈسٹرکٹ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز پروگرام 2024-25 شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا دائرہ کار عوام کی دہلیز تک پہنچا دیا گیا ہے۔
منشاء اللہ بٹ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کیا ہے، اور موجودہ حکومت معاشی چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے مہنگائی کو بتدریج کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔