سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) سیالکوٹ کے علاقے پلی دربارستارشاہ ولی محلہ مغربی سمبڑیال میں سرکاری واٹرسپلائی کی مین پائپ لائن تین دن سے پھٹی ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں پانی کا ضیاع جاری ہے اور گھروں میں پانی کی سپلائی کا پریشر انتہائی کم ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، شہریوں کا کہنا ہے کہ تین دن قبل واٹرسپلائی کی مین پائپ لائن میں فنی خرابی کے باعث پھٹنے کا واقعہ پیش آیا، جس سے پانی کا ضیاع مسلسل جاری ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ اس مسئلے کی وجہ سے نہ صرف گھروں میں پانی کی سپلائی کا پریشر کم ہوگیا ہے بلکہ کئی گھریلو صارفین پانی کی کمی کا شکار ہیں، جس سے ان کی روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ اس پائپ لائن کی خرابی کی اطلاع متعلقہ حکام کو دی گئی ہے، لیکن تاحال اس کی مرمت یا پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ شہریوں نے اس صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر واٹرسپلائی کی مین پائپ لائن کی مرمت کی جائے تاکہ پانی کا ضیاع روکا جا سکے اور گھریلو صارفین کو پانی کی مکمل سپلائی فراہم کی جا سکے۔
علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ کئی بار شکایات درج کروا چکے ہیں لیکن اس کے باوجود کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ پانی کی سپلائی میں ہونے والی کمی کو دور کیا جا سکے اور عوام کی پریشانی ختم ہو۔