سیالکوٹ (باغی ٹی وی، مدثر رتو) سینٹر آف ایکسی لینس بوائز سیالکوٹ میں تین روزہ سالانہ اسپورٹس فیسٹیول 2025 کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔ تقریب میں ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن سیالکوٹ مجاہد علوی، بورڈ آف گورنرز کے ممبران، پرنسپل شہباز حسن اور گرلز کیمپس کی پرنسپل میڈم ارم شیرازی نے خصوصی شرکت کی۔ کھلاڑیوں کے مارچ پاسٹ نے شرکا کی توجہ کا مرکز بنا کر فیسٹیول کو یادگار بنا دیا۔

فیسٹیول میں کرکٹ، والی بال، فٹبال اور بیڈمنٹن کے مقابلے منعقد ہوئے جبکہ ایتھلیٹکس میں 100 میٹر، 200 میٹر، 400 میٹر دوڑ، رَسّہ کشی اور لانگ جمپ نے ماحول کو جوش و خروش سے بھر دیا۔ بہترین کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں کو مہمانِ خصوصی نے ٹرافیاں اور میڈلز سے نوازا۔

سی ای او ایجوکیشن سیالکوٹ مجاہد علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ طلبہ کی شخصیت اور کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میدانِ کھیل بچوں کو ٹیم ورک، برداشت، محنت، خود اعتمادی اور مقابلہ بازی جیسے اوصاف سکھاتے ہیں، جو زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کی بنیاد بنتے ہیں۔

انہوں نے اسپورٹس فیسٹیول کے بہترین انتظامات پر سکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نصابی سرگرمیوں کے ساتھ طلبہ کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔ مجاہد علوی نے اعلان کیا کہ ضلعی سطح پر کھیلوں کے مواقع کو مزید وسیع کیا جائے گا اور کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومتی سطح پر جامع حکمتِ عملی جاری ہے۔

آخر میں پرنسپل شہباز حسن نے تمام مہمانوں، اساتذہ، کھلاڑیوں اور آرگنائزنگ کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس فیسٹیول جیسے ایونٹس طلبہ میں اعتماد، نظم و ضبط اور صحت مند مقابلے کی روح پیدا کرتے ہیں۔

Shares: