سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے) سیالکوٹ کے علاقے گلوٹیاں موڑ پر پٹرولنگ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی واردات میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی کار اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، پٹرولنگ پولیس پوسٹ گلوٹیاں موڑ کو ہیلپ لائن 15 سے اطلاع ملی کہ تین مسلح ملزمان نے تھانہ سبز پیر کے علاقے ڈھینگے سٹاپ سے ایک شخص وجاہت سے نقدی، موبائل فون اور کرولا الٹس گرانڈی کار چھین لی ہے۔ اطلاع ملتے ہی انچارج پٹرولنگ پوسٹ گلوٹیاں موڑ سب انسپکٹر یاسر محبوب اور ان کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے ڈکیتی شدہ رقم، موبائل فون اور 50 لاکھ روپے مالیت کی کرولا الٹس گرانڈی کار برآمد کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور ان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
ریجنل آفیسر ایس پی فاروق احمد بھٹہ نے پٹرولنگ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ٹیم گلوٹیاں موڑ کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات کی سفارش کی ہے۔