سیالکوٹ: ٹینری زون منتقل نہ ہونے والی فیکٹریوں کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کا اعلان

سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا نے واضح کیا ہے کہ سیالکوٹ ٹینری زون میں منتقل نہ ہونے والی تمام ٹینریوں کو یکم جنوری سے سیل کردیا جائے گا۔ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی فیکٹریوں کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔

یہ اعلان انہوں نے ٹینری زون پراجیکٹ کی عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس میں کیا، جس میں محکمہ ماحولیات اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران شریک تھے۔ محمد اقبال سنگھیڑا نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور انتظامیہ اس معاملے میں متفق ہیں، اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے محکمہ ماحولیات کو ہدایت کی کہ وہ فعال اور غیر فعال ٹینریوں کا مکمل ڈیٹا تیار کریں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سیالکوٹ ٹینری زون میں 107 ٹینریوں کی تعمیر جاری ہے جبکہ 433 پلاٹ مالکان نے کام شروع کر دیا ہے۔

مزید برآں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ضلعی افسران کے اجلاس کی بھی صدارت کی۔ پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت دی گئی کہ مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والوں پر جرمانے اور مقدمات درج کیے جائیں۔

Comments are closed.