سیالکوٹ چیمبر آف کامرس نے ریسکیورز کیلئے تقریب منعقد کرکےشاندار خراج تحسین پیش کیا

سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہدریاض)سیالکوٹ چیمبر آف کامرس نے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کرکے ریسکیورز اور ریسکیو محافظین کی خدمات کو سراہا۔ اس تقریب میں چیمبر کے نمائندوں اور کمیونٹی کے دیگر افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی تاکہ ریسکیورز کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔

تقریب میں صدر چیمبر آف کامرس عبدالغفور ملک نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ ان کے علاوہ ایڈمنسٹریٹر ایمرجنسی سروسز/ ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد، سینئر وائس صدر وہاب جہانگیر، وائس صدر عامر مجید شیخ، چئیرمین ڈزاسٹر اینڈ رسک شہباز صائم، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال اور جوائنٹ گروپ سیکٹری ملک خلیل بھی موجود تھے۔

اس موقع پر صدر چیمبر عبدالغفور ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریسکیورز کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بلا تفریق اور بروقت موقع پر پہنچ کر اپنی جانوں پر کھیل کر لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں بھی چیمبر کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

چئیرمین ڈزاسٹر کمیٹی شہباز صائم نے کہا کہ ریسکیو 1122 ایک مثالی ادارہ ہے جو دن رات عوام کی خدمت میں مصروف رہتا ہے۔ چیمبر کے ساتھ مل کر یہ ادارہ شہر بھر کی صنعتوں کو حادثات سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر ایمرجنسی سروسز سید کمال عابد نے کہا کہ ریسکیو 1122 نے بانی ڈائریکٹر جنرل/سیکٹری ڈاکٹر رضوان نصیر کی زیر نگرانی میں کمیونٹی کی سیفٹی کے لیے ہر ممکنہ اقدام اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیورز دن ہو یا رات، آندھی ہو یا طوفان، بارش ہو یا زلزلہ، ہر مشکل صورتحال میں عوام کی مدد کے لیے حاضر رہتے ہیں۔ ریسکیو 1122 کے پاس جو جذبہ اور ساخت موجود ہے اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ انہوں نے ائیر ایمبولینس سروس کا بھی آغاز کر دیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے حاضرین کو ریسکیو کی جانب سے دی جانے والی سروسز کے بارے میں آگاہ کیا اور اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ ریسکیو 1122 ہمہ وقت آپ کی خدمت کے لیے موجود ہے۔

تقریب کے آخر میں ریسکیو آفیسرز کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے ریسکیورز کو چیمبر کی طرف سے کیش انعام اور سرٹیفیکیٹس سے نوازا گیا۔

Leave a reply