سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(سٹی مدثر رتو) انٹر تحصیل انڈر 16 فٹبال چیمپئن شپ کا فائنل سیالکوٹ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سمبڑیال کو 1 کے مقابلے میں 3 گولز سے شکست دے کر جیت لیا۔ فائنل کنٹونمنٹ فٹبال گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جہاں سیالکوٹ کے وہاج، ہیزل لیو اور رونی عمران نے شاندار گولز کرکے ٹیم کو فتح دلائی۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے فاتح ٹیم کو 2 لاکھ روپے نقد انعام اور ونر ٹرافی، جبکہ رنر اپ ٹیم سمبڑیال کو 1 لاکھ روپے اور ٹرافی دی۔
چیمپئن شپ کے دوران ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ سیالکوٹ نے ڈسکہ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ سمبڑیال نے پسرور کو زیر کیا۔ فائنل میچ کے پہلے ہاف میں سمبڑیال کے عبداللہ نے پہلا گول کیا، لیکن دوسرے ہاف میں سیالکوٹ کی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے تین گولز سے بازی پلٹ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر افتخار گوندل کو ہدایت کی کہ میرٹ پر کھلاڑی منتخب کرکے انڈر 16 ٹیم تیار کی جائے تاکہ یہ ٹیم ڈویژن، صوبائی اور قومی سطح پر سیالکوٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے کامیابیاں سمیٹے۔