سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرمدثررتو) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت "ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت ضلع سیالکوٹ کے دیہات میں صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس مہم کے تحت 6 دیہی یونین کونسلز سے 783 میٹرک ٹن کوڑا جمع کر کے لینڈ فل سائٹس پر ڈمپ کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ان علاقوں کو زیرو ویسٹ بنا دیا گیا ہے۔ باقی یونین کونسلز میں بھی زیرو ویسٹ مہم بتدریج جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے یہ بات تحصیل پسرور کے دیہات مالی پور میں ہیوی مشینری کے استعمال سے روٹیاں کی لفٹنگ کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عمر امجد بیگ بھی موجود تھے۔
محمد ذوالقرنین نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ ہر یونین کونسل میں سینٹری ورکرز اور تین لوڈر رکشوں کی مدد سے ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن کا عمل جاری رکھے گا۔
کوڑا کلیکشن کے بعد عارضی کوڑا کلیکشن پوائنٹس پر جمع کیا جائے گا، جہاں سے ضلع کونسل ہیوی مشینری جیسے ایکسی ویٹرز اور ٹریکٹر ٹرالیوں کی مدد سے اسے لینڈ فل سائٹس پر ڈمپ کیا جائے گا۔ اس مہم کا مقصد یہ ہے کہ زیرو ویسٹ حاصل کرنے کے بعد دوبارہ بلک ویسٹ جمع نہ ہو، اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صفائی کو یقینی بنایا جا سکے۔