سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد نے سیالکوٹ کا خصوصی دورہ کرتے ہوئے ریسکیو 1122 کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر نے سینٹرل ریسکیو اسٹیشن پر موجود مارننگ اور ایوننگ شفٹ کی پریڈ، فائر اور میڈیکل ڈرلز، ریسکیو وہیکلز، موٹر سائیکل ایمبولینسز اور اسٹور کا معائنہ کیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے اسٹیشن اور ریسکیورز کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی، جس پر ریجنل آفیسر نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریسکیورز کی ظاہری حالت، جسمانی فٹنس اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ ہر شفٹ میں باقاعدگی سے مشق کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر امداد ممکن بنائی جا سکے۔

ریجنل آفیسر نے ریسکیو کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، ایمرجنسی کالز سنیں اور EMDS سسٹم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریکارڈ کی باقاعدہ اپ ڈیٹ رکھنے اور ہر سطح پر تیاری برقرار رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو ادارہ عوام کی خدمت اور جان و مال کے تحفظ کا اہم فریضہ انجام دے رہا ہے، جسے مزید بہتر بنانے کی مسلسل ضرورت ہے۔

Shares: