سیالکوٹ(باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرمدثررتو) سیالکوٹ شہر میں شہریوں کو پانی کی فراہمی اور سینی ٹیشن کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کو میونسپل کارپوریشن کے یہ شعبے منتقل کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی اور ایم پی اے محمد منشاء اللہ بٹ کی موجودگی میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جناح ہال میں منعقدہ تقریب میں میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر ایوب بخاری اور ایم ڈی واسا ابوبکر عمران نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے سینی ٹیشن کے تمام وسائل اور عملہ اب واسا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا میں نئے ملازمین بھرتی کیے جائیں گے اور جدید مشینری بھی خریدی جائے گی تاکہ شہریوں کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر نے بتایا کہ شہری سینی ٹیشن سے متعلق شکایات کے لیے واسا کی ہیلپ لائن 1334 پر کال کر سکتے ہیں، جہاں ان کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ڈی سی آفس کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے، جہاں شہری 1718 پر کال کرکے اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ خود ہفتہ وار شکایات کنندگان سے فون پر رابطہ کر کے فیڈ بیک لیتی ہیں، اور اب تک مسائل کے حل کی شرح 80 فیصد سے زیادہ ہے۔

ایم پی اے محمد منشاء اللہ بٹ نے واسا کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں شہریوں کے دیرینہ مسائل حل ہونا شروع ہوں گے۔

ایم ڈی واسا ابوبکر عمران نے وضاحت کی کہ واسا کی خدمات میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کی حدود میں فراہم کی جائیں گی، جس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سینی ٹیشن کی خدمات شامل ہیں۔ انہوں نے بھی شہریوں کو یاد دلایا کہ 1334 ہیلپ لائن فعال ہے۔

اس تقریب میں میونسپل کارپوریشن کے سی او ملک اعجاز، چودھری بشیر احمد، سہیل احمد بٹ، نواز بھٹی، عبدالحمید قاسم کے علاوہ سابق یوسی چیئرمینز اور کونسلر بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

Shares: