سیالکوٹ،باغی ٹی وی ( ملک اعظم اعوان سے)حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق گندم خریداری مہم کا آغاز کر دیاگیا
تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر عدنان محمود ا عوان نے پی آر سنٹر سیالکوٹ میں باردانہ کی تقسیم کا افتتاح کیا، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ غلام سرور، ڈی ایف سی نصراللہ خاں ندیم بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں 90ہزار میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس مقصد کے لئے باردانہ کی تقسیم بھی شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسانوں سے گندم حکومت پنجاب کی مقرر کردہ امدادی قیمت3900روپے فی من کے حساب سے خریدی جائے گی، انہیں ڈیلیوری چارجز بھی ادا کئے جائیں گے، شفافیت یقینی بنانے کیلئے ادائیگی بذریعہ بنک کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ گندم خریداری مراکز تک کسانوں کی رسائی آسان بنانے کیلئے ٹریفک پولیس کو بہتر ٹریفک مینجمنٹ کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اسی طرح گندم کی سمگلنگ روکنے کیلئے فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر موثر انتظامات کے لئے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں تحصیل پسرور میں پانچ مراکز خریداری گندم قائم کئے گئے ہیں، تحصیل سیالکوٹ اور تحصیل ڈسکہ میں دو دو مراکز ہیں جبکہ تحصیل سمبڑیال میں گندم خریداری کے لئے ایک مرکز بنایا گیا ہے جہاں کسانوں کے بیٹھنے کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز خریداری کے تمام عمل کی خود نگرانی کریں گے

Shares: