سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی افراد کے لیے معاون آلات اور وہیل چیئر پروگرام کے تحت سیالکوٹ میں معذور افراد میں وہیل چیئرز اور دیگر معاون آلات تقسیم کیے گئے۔ اس تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور چودھری طارق سبحانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شریف گھمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عاصمہ احمد اور ابرار عبداللہ ساہی بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصی اور نادار افراد کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن رات عوامی خدمت میں مصروف ہیں اور ہر شعبہ زندگی کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔
چیئرمین پنجاب لینڈ ریونیو اتھارٹی چودھری طارق سبحانی نے کہا کہ ہمت کارڈ کے بعد اب خصوصی افراد میں معاون آلات کی فراہمی مریم نواز شریف کے خدمت کے عزم کا عملی مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت خدمت کی سیاست کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کر رہی ہے، اور معذور افراد کو معاشرے کا باعزت حصہ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے تحت مزید فلاحی منصوبے جاری رہیں گے۔