سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین گیلانی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سیالکوٹ میں منعقدہ "خواتین کا کاروباری دن” کے سیمینار میں شرکت کی۔ تقریب میں ویمن چیمبر سیالکوٹ، سیالکوٹ چیمبر، بزنس فسیلیٹیشن سینٹر، یونیورسٹیز، کمرشل بینکوں، اور کاروباری خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
سیدہ نوشین گیلانی نے خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کو بڑھانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ قرضے لینے والوں میں خواتین انٹرپرینیورز کا حصہ محض 10 فیصد ہے، جب کہ بینک اکاؤنٹس میں ان کی شمولیت 26 فیصد تک محدود ہے۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک کی خواتین کے لیے مالیاتی خدمات تک رسائی بڑھانے کی کوششوں کو سراہا۔
اسسٹنٹ چیف مینیجر نے ویمن انٹرپرینیورز کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اختراع، معاشی ترقی، اور سماجی تبدیلی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ خواتین کو فنانس، مارکیٹ تک رسائی، اور رہنمائی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن ان مشکلات کے باوجود پاکستانی خواتین نے زراعت، ٹیکنالوجی، اور مینوفیکچرنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے 24 برانچوں کے ذریعے 50 سے زائد سیشنز کا انعقاد کیا، جس میں 1500 سے زائد کاروباری خواتین کو فنانسنگ مواقع کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر مالیاتی اداروں کو اختراعی اور شمولیتی حکمت عملی اپنانے کی ترغیب دی گئی، اور یو این ویمن اور یو ایس ایڈ جیسے اداروں کے ساتھ شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والی خواتین انٹرپرینیورز اور بینکوں کو ایوارڈز پیش کیے گئے۔ گورنر نے کہا کہ یہ خواتین آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ بنیں گی اور اسٹیٹ بینک شمولیتی مالیاتی نظام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے جو خواتین کو مزید بااختیار بنائے گا۔