سیالکوٹ (باغی ٹی وی ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ میں مرالہ روڈ پر واقع ملکہ کلاں کے علاقے میں سیوریج کی صفائی کے دوران ایک نوجوان مزدور جاں بحق ہو گیا۔ شہریوں نے اس واقعے کا ذمہ دار کمپنی کو ٹھہرایا ہے۔
22 سالہ فیاض علی ZKB نامی کمپنی میں ملازم تھا اور سیوریج کے گٹر میں صفائی کے لیے اترا تھا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کمپنی نے اسے کوئی حفاظتی لباس یا امدادی سامان فراہم نہیں کیا اور وہ بغیر کسی حفاظتی انتظامات کے مین ہول میں اترا، جہاں وہ حادثے کا شکار ہوا۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فیاض کو باہر نکالا اور اسے بچانے کی کوشش بھی کی، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اس کی لاش کو بعد میں قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ZKB کمپنی کے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔