سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرمدثر رتو) بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی 30 روزہ مہم "زیرو سے ہیرو” کا افتتاح
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے سیالکوٹ میں پانچ سال تک کے بچوں کو 10 مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کی 30 روزہ مہم "زیرو سے ہیرو” کا افتتاح کر دیا۔ یہ مہم بنیادی مرکز صحت مراد پور میں شروع کی گئی، جہاں ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے ریچ ایوری ڈسٹرکٹ/ریچ ایوری چائلڈ پروگرام کے تحت ان بچوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے جو کرونا وبا کے دوران حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس مکمل نہیں کر پائے تھے۔ ان بچوں کی رجسٹرڈ تعداد 13 ہزار 367 ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں 124 کڈز سنٹر قائم کیے گئے ہیں جہاں ویکسی نیٹرز اور سوشل موبلائزرز کے ذریعے ان بچوں کو سنٹرز پر لا کر حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس مہم کے لیے تمام ویکسی نیشن اور لاجسٹک کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر وسیم مرزا، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر شیراز مسعود، ڈائریکٹر پروگرام ڈاکٹر عدنان، ڈاکٹر سدرہ گیلانی، اور سکول ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزر چودھری اخلاق احمد بھی موجود تھے۔