سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر)اراکینِ صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور چودھری فیصل اکرام نے امام صاحب روڈ سیالکوٹ کی گرین بیلٹس پر دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران کے ہمراہ شجرکاری مہم کے تحت پودے لگا کر ماحول دوست سرگرمی کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر دعوتِ اسلامی کے علاقائی علما، رضاکار اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی، جنہوں نے ماحولیاتی تحفظ کے اس اقدام کو سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، درجہ حرارت میں اضافہ اور غیر متوازن موسم جنگلات کی کٹائی اور ماحولیاتی عدم توازن کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ایک قومی ذمہ داری بلکہ ایک مذہبی فریضہ بھی ہے، اور اگر ہم نے آج اس سمت میں عملی اقدامات نہ کیے تو آنے والی نسلوں کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام ہمیں فطرت سے محبت اور زمین کو سرسبز بنانے کا درس دیتا ہے، اس لیے ہر شہری کو چاہیے کہ وہ درخت لگا کر اور اس کی نگہداشت کر کے اپنا کردار ادا کرے۔
منشاء اللہ بٹ نے اس موقع پر بتایا کہ موجودہ حکومت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے مربوط حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے، جس میں عوام کی شمولیت کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔
دعوتِ اسلامی کے رہنماؤں نے تقریب کے دوران بتایا کہ تنظیم "مدنی ماحولیات مہم” کے تحت ملک بھر میں لاکھوں پودے لگا چکی ہے، تاکہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اجتماعی طور پر پودے لگائے اور ان کی حفاظت و نگہداشت کی ذمہ داری لینے کا عہد کیا۔ شجرکاری مہم کے اس بامقصد آغاز کو اہلِ علاقہ نے نہایت سراہا۔