بے گناہ شہری اور جوان کب تک شہید ہوتے رہیں گے،کیا حملے روکنا صرف فوج کی ذمہ داری!
بیورو کریسی اور سول انتظامیہ کس مرض کی دوا ،’’را‘‘ کا نیٹ ورک توڑنے کیلئے ایک ہونا ہوگا
نواز شریف قوم کی امید، سابق وزیر اعظم موثر کردارادا کریں لوگوں نے آس لگالی
تجزیہ ،شہزاد قریشی
سیاسی جماعتیں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے اپنی سمت درست کریں،مکالمے کو فروغ دیں، اپنا رُخ عوامی خدمت قومی اور بین الاقوامی مسائل جن کا ملک کو سامنا ہے اُن پر توجہ د یں، مسخرے پن سے باہر نکل کر سنجیدہ سیاست کریں، تب جا کر امریکہ سمیت عالمی دنیا سیاسی جماعتوں اور ملکی جمہوریت پر انحصار کرے گی ، سیاسی گلیاروںمیں وہی شور ،وہی ہنگامہ ایک دوسرے پر الزامات،کیا جو کچھ سیاسی گلیاروں میں ہو رہاہے اس سے استحکام پاکستان کا خواب مکمل ہوگا؟ بلوچستان اور ایشیاء کا خوبصورت ترین علاقہ سیاحتی علاقہ کے پی کے لہولہان ہے، کیا ملک کی سیاسی جماعتوں نے کبھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوچا کہ آخر وہ کون سا گناہ ہے جس کی سزا ہماری عوام کو مل رہی ہے؟ کیا پاکستان اور عوام کی سلامتی کے ذمہ دار صرف پاک فوج جملہ ادارے اور پولیس ہی ہیں ؟ سیاستدانوں ، مذہبی جماعتوں ، بیوروکریٹ ، بیورو کریسی اور انتظامیہ کی بھی کوئی ذمہ داری ہے یا نہیں،بلاشبہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں کردار ادا کررہا ہے ، بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’ را‘‘ کا نیٹ ورک بلوچستان میں اور افغانستان میں پھیلا ہے، پاکستا ن میں موجود جو چھوٹے بڑے شہروں میں افغانی مبینہ طور پر اس میں ملوث ہو سکتے ہیں، بلوچستان میں بے گناہ لوگ شہید ہو رہے سیکیورٹی فورسز اور شہری ،یہ نہایت سنگین اور پیچیدہ مسئلہ ہے ، اس کو روکنے کے لئے ایک جامع پائیدار اور سنجیدہ حکمت عملی کی ضرورت ہے، بلوچستان میں بھارت کی مداخلت کو سفارتی ذرائع سے روکاجائے ، امریکہ یورپی ممالک اور دیگر ممالک میں موجود سفارت کار اپنا کردار ادا کریں، اندرون ملک ایسے اقدامات اُٹھائے جائیں تاکہ کوئی بیرونی قوت فائدہ نہ اُٹھا سکے، ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین بلوچستان کو لے کر اپنا کردار ادا کریں، صدقے دل سے اس لہولہان بلوچستان اور کے پی کے کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، اس سلسلے میں نواز شریف کی سربراہی میں تمام سیاسی قائدین گول میز کانفرنس میں فیصلہ کریں ، نواز شریف ملک کے ایک ممتاز سیاستدان ہیں جنہوں نے ملکی سیاست میں کئی دہائیوں تک فعال کردار ادا کیا ہے ، وہ موثر کردار ادا کر سکتے ہیں ، نواز شریف بطور سابق وزیراعظم اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ، لاہور میں موجود نواز شریف ملک وقوم کے لئے اُمید ہے ،اپنا موثر کردار ادا کریں گے

Shares: