پاکستان اس وقت نہایت نازک جغرافیائی اور سیاسی صورتحال سے گزر رہا ہے۔ ایک طرف مشرقی سرحد پر بھارت کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے تو دوسری طرف افغانستان کے ساتھ تعلقات میں تناؤ پیدا ہو چکا ہے۔ کابل حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی اور سرحدی جھڑپوں نے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضا کو مجروح کیا ہے۔ ان حالات میں پاکستان کو داخلی استحکام اور سیاسی ہم اہنگی کی اشد ضرورت ہے مگر بدقسمتی سے اندرونی سیاسی منظر نامہ کسی اور سمت میں جا رہا ہے۔ ایسے موقع پر جب قومی سلامتی اور خطے کی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے ملکی سیاسی جماعتوں کی تمام توجہ کشمیر میں حکومت کی تبدیلی یا اقتدار کے کھیل پر مرکوز دکھائی دیتی ہے۔ پارلیمانی چالوں اور سیاسی جوڑ توڑ کے اس دور میں یہ احساس کم ہی نظر آتا ہے کہ ملک بیرونی دباؤ اور اندرونی کمزوریوں کے درمیان پھنس چکا ہے۔ یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ پاکستان اس وقت ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے جہاں معمولی سیاسی غلطی بھی خطرہ بن سکتی ہے۔ سیاسی قیادتوں کو اس موقع پر صبر و تحمل اور دوراندیشی کا مظاہرہ کرنا ہوگا قومی مفاد کو جماعتی مفاد پر ترجیح دینا ہی اصل قیادت کی پہچان ہوتی ہے۔
اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام سیاسی قوتیں باہمی اختلافات کو وقتی طور پر ایک طرف رکھ کر ملک کی مجموعی سلامتی، معیشت اور سفارتی محاذ پر یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ دنیا بھر میں جب بھی ریاستیں داخلی خلفشار میں الجھتی ہیں تو بیرونی قوتیں اس کمزوری سے فائدہ اٹھاتی ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ سیاسی قیادتیں قومی اداروں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کریں سفارتی سطح پر مضبوط موقف اختیار کریں اور عوام کو یہ اعتماد دلائیں کہ ملک کی بقاء اور استحکام سب سے مقدم ہے۔ اقتدار کی سیاست ہمیشہ کے لیے نہیں مگر قومی مفاد ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔ اگر سیاسی قوتوں نے حالات کی سنگینی کو نہ سمجھا تو تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ یاد رکھیے تقسیم اندرونی ہو تو دشمن کو کسی بڑی محنت کی ضرورت نہیں رہتی اس وقت پاکستان ایک نازک دوراہے پر کھڑا ہے۔ ان تمام حالات کے پیش نظر ملک کے اندرونی سیاسی ماحول کا عدم استحکام نہ صرف قومی یکجہتی کو متاثر کر رہا ہے بلکہ دشمن قوتوں کو فائدہ اٹھانے کا موقع بھی فراہم کر رہا ہے۔ سیاسی چال بازیوں اور اقتدار کی جنگ کو کچھ عرصے کے لیے موخر کرکے قومی سلامتی اور استحکام پر توجہ دی جائے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب قومیں بحران کے وقت متحد رہتی ہیں تو ہر مشکل پر قابو پا لیتی ہیں۔










