مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے کہا ہے کہ ذاتی مفادات کے لئے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگانے والی سیاسی جماعتیں اپنے رویئے درست کریں، پاکستان کو شاندار فتح دلانے والی عسکری قیادت کے خلاف بیانات دینے والے دشمن کے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کر رہے ہیں، تحریک انصاف فیصلہ کرے کہ چیئرمین کا مفاہمتی بیانیہ اپنانا ہے یا بیرون ملک سے چلنے والے ایکس اکاؤنٹ سے پروپیگنڈہ جاری رکھنا ہے

تابش قیوم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد دنیا میں اہم مقام ملا،پاکستان کا دفاع مستحکم اور اب معاشی استحکام کی جانب سفر جاری ہے تاہم تحریک انصاف کی جانب سے پاکستان میں وہ بیانیہ بنایا جا رہا ہے جو ملک دشمنوں کا بیانیہ ہے،پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نبردآزما ہیں، خیبر پختونخوا جہاں تیسری بار پی ٹی آئی کی حکومت ہے غیر محفوظ‌ترین صوبہ بن چکا ہے، سیکورٹی اداروں کے جوان،عوام پاکستان قربانیاں دے رہے ہیں،پاکستان کی بقا کی جنگ لڑنا معمولی کام نہیں، ان حالات میں قوم کو متحد اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے تا ہم پی ٹی آئی کی قیادت کے جانب سے عسکری قیادت کے خلاف بار بار اشتعال انگیز بیانات صورتحال کو تشویشناک بنا رہے ہیں،

تابش قیوم کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ اور ملک دشمن چینلز پر انٹرویو میں عسکری قیادت کے خلاف بیانات سے دشمن قوتوں کو فائدہ مل رہا ہے، سیاسی جماعت خواہ کوئی بھی ہو اسے ریڈ لائن کراس نہیں کرنی چاہئے، پاکستان ہے تو سیاست بھی ہو گی،سیاستدانوں کو چاہئے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں دینے والی سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور پاکستان کو دو لخت کرنے والوں کو ہیرواور حقیقی ہیروز کو اقوام متحدہ کی قرارداد کا حوالہ دے کر دہشت گرد کہنا بند کریں،مرکزی مسلم لیگ تمام مسائل کا واحد حل نیشنل ڈائیلاگ سمجھتی ہے تاہم اسکے لئے ضروری ہے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت ملک دشمن ایجنڈے کو فروغ نہ دے.

Shares: