مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما ؤں نے کہا ہے سیاسی جماعتوں کو ذاتی مفادات کی بجائے پاکستان کو ترجیح دینی ہو گی،ہم انتشار،تفریق کی سیاست کا رد کرتے ہیں،انتخابات میں شکست کا واویلا کرنے کی بجائے قوم کی خدمت کے عزم کو شعار بنانے سے ہی پاکستان آگے بڑھ سکتا ہے،کشمیر پر باتیں بہت کر لیں اب آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، ہم نے قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل اور اس ملک کی اسلامی شناخت قائم رکھنے کیلئے کام کرنا ہے، وہ وقت جلد آئے گا جب پاکستان امن و امان اور خوشحالی کی عمدہ مثال بنے گا
ان خیالات کا اظہار مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں مرکزی نائب صدرحافظ طلحہ سعید،سیکرٹری جنرل سیف اللہ خالد،نائب صدر حافظ عبدالرؤف نے خطبات جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے سیالکوٹ میں خطبہ جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ ہم انسانیت کی خدمت کی سیاست کر رہے ہیں ،فرقہ واریت ، لسانیت اور صوبائیت کی بنیاد پر نفرتوں کو ختم کرکے لوگوں کو ایک مضبوط اور توانا پاکستان دیں گے،سیاسی جماعتیں انتشار کی بجائے استحکام پاکستان کے لئے کردار ادا کریں.امریکی صدر ٹرمپ کی غزہ پر پالیسی اور ایران پر نئی پابندیاں مسلم حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے، کشمیریوں سے یکجہتی کا پاکستانی قوم نے عملی اظہار کیا،پاکستانی حکمران بھی کشمیر پر دوٹوک مؤقف دنیا کے سامنے رکھیں ،وطن عزیز سے دہشت گردی،بدامنی کا خاتمہ مسئلہ کشمیر کے حل سے ہو گا،
معیشت کی مضبوطی کیلئے ضروری ہے کہ حکمران رب کی نافرنیاں ترک کر دیں۔سیف اللہ خالد
مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ خالد نے الہ آباد گہلن ہٹھارمیں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی اورمعیشت کی مضبوطی کے لئے ضروری ہے کہ حکمران رب کی نافرنیاں ترک کر دیں۔امت مسلمہ کے موجودہ تمام مسائل کا حل دین اسلام میں موجود ہے۔ قرآن ہر دور میں مسلمانوں کی رہنمائی کرتا ہے۔ حکومتوں نے اپنی کرپشن کے راستے ہموار کرنے کیلئے مفادات کی سیاست کھیلی، لڑائی جھگڑے، صوبائیت اور وطنیت پرستی کو پروان چڑھایا گیا۔ برادری ازم کی جڑیں مضبوط ہوئی تھیں لیکن مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان ان تمام چیزوں کا ازالہ کرنے کیلئے قوم کو کلمہ طبیہ پر متحد کر رہی ہے،کلمے کے نعرے پر پاکستان بنا تھا اور اسی نعرے پر ہی پاکستان عروج حاصل کرے گا.
کشمیر پر باتیں بہت کر لیں اب آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، حافظ عبدالرؤف
مرکز القادسیہ چوبرجی میں خطبہ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدرحافظ عبدالرؤف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں افراتفری، احتجاج سے مسائل حل نہیں ہوں گے، باہمی بات چیت کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھایا جائے ،وطن عزیز میں آئے روز دہشتگردی کے واقعات میں شہادتیں ہو رہی ہیں،مہنگائی کا طوفان ہے،بے روزگاری ،غربت بڑھ چکی ہے، حکمرانوں کو بھی عوامی مشکلات کے حل کے لئے کردار ادا کرنا چاہئے، یکجہتی کشمیر کے موقع پر قوم نے سڑکوں پر نکل کر عملی قدم اٹھایا تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیر پر صرف یکجہتی اور باتوں کی بجائے آگے بڑھاجائے.