لاہور: اپوزیشن جماعتوں نے مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم کی بھرپور مخالفت کا اعلان کردیا ہے، جبکہ چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ یہ ترمیم صوبائی خودمختاری پر حملہ ہے اور اس کی ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔
لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ابھی تک ترمیم کا مسودہ سامنے نہیں آیا، لیکن اطلاعات کے مطابق اس کے ذریعے صوبوں کے اختیارات کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو کہ وفاقی اکائیوں کے درمیان توازن کو متاثر کرے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ “ہم صوبائی خودمختاری کے اصول پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ یہ آئین کا بنیادی ڈھانچہ ہے جسے چھیڑنا ملکی یکجہتی کے لیے نقصان دہ ہوگا۔” سیاسی مذاکرات اور ملاقاتیں جمہوری عمل کا حصہ ہیں، اگر کسی کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی ہے تو اس میں کوئی قباحت نہیں۔ جب سیاست دان ملتے ہیں تو یقیناً بات ایوان اور ملک کے مفاد میں ہی ہوتی ہے بیرسٹر گوہر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ترمیمی بل کا اصل مسودہ عوام اور سیاسی جماعتوں کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ شفاف بحث ممکن ہو سکے۔








