سیاسی و مذہبی جماعتوں کی ملیشیا کیخلاف کاروائی کی ہدایات
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے سیاسی و مذہبی جماعتوں کی ملیشیا کے خلاف صوبائی حکومتوں کو موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔وزارت داخلہ نے قانون کی خلاف ورزی پر وارننگ جاری کردی،

وزارت داخلہ کے اعلامیہ کے مطابق سیاسی اورمذہبی جماعتوں نے اپنی ملیشیا بنا رکھی ہیں ،وزارت داخلہ نے قانون کی خلاف ورزی پر وارننگ جاری کردی،وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مختلف جماعتوں کے ملیشیا مسلح افواج جیسی وردی اوررینکس لگاتے ہیں ،ملیشیا بنانا آئین کے آرٹیکل 256 اور نیشنل ایکشن پلان کے تیسرے نکتہ کی خلاف ورزی ہے۔

وزارت داخلہ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو سیکورٹی صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے،اس معاملے سے ملک کا دنیا میں منفی تاثر ابھرے گا،ایسی تنظیمیں غلط مثال قائم کررہی ہیں ، وزارت داخلہ کا مراسلہ میں کہنا ہے کہ تمام صوبائی حکومتیں فوری اس بات کانوٹس لیں ،صوبائی حکومتیں اس کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کریں ،وفاقی حکومت معاملے میں ہر طرح کی مدد کیلئے تیار ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس آزادی مارچ کے دوران جے یو آئی (ف) کے باوردی محافظ دستے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان محافظ دستے سے سلامی لے رہے ہیں۔خیبر پختونخوا حکومت نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جے یو آئی ف کے محافظ دستے کے خلاف کارروائی کا اعلان بھی کیا تھا۔

Shares: