گوجرانوالہ (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ میں ایک المناک واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ زہریلی بریانی کھانے سے دو معصوم بہن بھائی زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس واقعے نے علاقے میں سوگ کی لہر دوڑا دی۔

پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ اروپ کے علاقے عالم چوک میں پیش آیا۔جہاں مبشر نامی شخص اپنے خاندان کے لیے بریانی لایا تھا۔ بریانی کھانے کے فوراً بعد ہی ان کے دو بچے کمسن عبد الہادی اور اس کی بہن خضرہ کی حالت بگڑ گئی۔

گھبراہٹ کے عالم میں اہل خانہ بچوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال لے گئے لیکن بدقسمتی سے دونوں بچے جانبر نہ ہو سکے اور دوران علاج دم توڑ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ ابتدائی تحقیقات سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کھانے میں کسی زہریلے مادے کی موجودگی کی وجہ سے بچوں کی حالت بگڑی۔ تاہم اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک تجزیہ کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ وہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں ،دوسری جانب متاثرہ خاندان گہرے صدمے میں ہے،علاقے میں خوف اور سوگ کی فضا ہے۔

Shares: