پولیو کاخاتمہ،جاپان اورپاکستان میں 38 لاکھ ڈالر سے زائد کے معاہدے پر دستخط

اسلام آباد:پولیو ویکسین کی خریداری کے لیے جاپان کی طرف سے پاکستان کو 38 لاکھ ڈالر سے زائد کی گرانٹ فراہم کرنے کے لیے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔وزرات صحت کے مطابق گرانٹ سے خریدی جانے والی ویکسین سے پولیو سے متاثرہ اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔اسلام آباد میں حکومت جاپان و یونیسف اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا ) و یونیسیف کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ انسداد پولیو پروگرام نے کامیابی سے خیبر پختونخوا کے مقامی اضلاع تک وائرس کی گردش کو محدود کر دیا ہے، ہم 2023 تک پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم اور پر امید ہیں، پولیو کے خاتمے کے لئے جاپان اور ڈونرز کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

وزرات صحت کے مطابق پولیو کے خاتمے کے لیے یونیسف کے توسط سے پاکستان میں پولیو پروگرام کو سپورٹ کرنے کے لئے حکومت جاپان کی جانب سے اب تک 238.66 ملین ڈالر سے زائد کی گرانٹ اور قرض کی رقم دی گئی ہے۔

جاپان کے سفیر نے کہا کہ پولیو سے پاک دنیا کے حصول کے لیے اپنے عزم کی تجدید کرنا چاہوں گا، جاپان اس سلسلے میں حکومت پاکستان اور یونیسف کی مسلسل مدد کرے گا۔جائیکا کے چیف نمائندہ کینوشتہ یوسومتسو نے کہا کہ حکومت پاکستان، یونیسیف اور جاپان کا 2023 کے آخر تک پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کا ایک مضبوط ہدف ہے۔

Comments are closed.