سندھ کےمختلف اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے رینجرزکی خدمات طلب کرلی گئیں-
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 24 ستمبرکوشیڈول ضمنی بلدیاتی انتخابات میں کراچی ڈویژن کے 3 اضلاع اور ضلع عمر کوٹ میں نہایت حساس پولنگ اسٹیشنزپر رینجرز کی تعیناتی کے لیےوفاقی وزارت داخلہ کوخط لکھ دیا-
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں درخواست کی گئی ہے کہ کراچی میں ضلع شرقی، غربی، کیماڑی اور عمرکوٹ کے تمام نہایت حساس پولنگ اسٹیشنز پر سندھ رینجرز کو تعینات کیاجائےالیکشن کمیشن نے جامد خدمات، پیٹرولنگ اور کوئک رسپانس فورس کے طور پر سندھ رینجرز کی تعیناتی مانگی ہے تاکہ 24 ستمبر 2025 کو کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اور انتخابات پُرامن انداز میں مکمل ہو سکیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نےخط میں کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت وفاق اورصوبوں میں تمام انتظامی حکام پر لازم ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کو ان کے فرائض کی ادائیگی میں معاونت فراہم کریں چونکہ مناسب سیکیورٹی فراہم کرنا وفاقی اورصوبائی حکومتوں کافریضہ ہے، اس لیے ضروری ہے کہ آزاد، پرامن اور شفاف انتخابات کو یقینی بنایاجا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) نے کراچی کے ضلع شرقی، غربی، کیماڑی اور عمرکوٹ کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کو نہایت حساس قراردیا ہے کراچی کے ضلع شرقی میں ٹی ایم سی سہراب گوٹھ کی یو سی۔8، ضلع غربی میں ٹی ایم سی اورنگی کی یو سی۔10 اور ٹی ایم سی منگھوپیر کی یو سی۔1 اور یو سی۔7 جبکہ ضلع کیماڑی میں ٹی ایم سی بلدیہ کی یوسی۔8 کو نہایت حساس قرار دیا گیا ہے۔
اسی طرح ضلع عمر کوٹ میں یو سی۔19 گپنو اور یو سی۔41 شاہ مردان شاہ کے پولنگ اسٹیشنز کو موجودہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر نہایت حساس قراردیا گیاہے، اس لیے سندھ رینجرزکی تعیناتی کی درخواست کی گئی ہے تاکہ تمام نہایت حساس پولنگ اسٹیشنزپر سیکیورٹی یقینی بنائی جاسکے۔