پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ بلوچستان کے شمال مغربی اور وسط ساحلی علاقوں میں بارش کا سلسلہ تھم چکا ہے، بیشتر علاقوں میں دوپہر کے بعد موسم صاف ہونے کا امکان ہے۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں مغربی سسٹم کمزور پڑ گیا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیارت، کان مہترزئی، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی میں برفباری کے بعد راستے کھول دیے گئے ہیں۔ توبہ اچکزئی کے مختلف علاقوں کی ندیوں میں سیلابی صورت حال ہے، توبہ اچکزئی میں ڈیمز کی صورت حال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
جبکہ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں سب سے زیادہ بارش لسبیلہ میں 30 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ خضدار میں 13، اورماڑہ میں 4 اور قلات میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔کراچی کے علاقوں سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، بفر زون اور ناگن چورنگی میں تیز بارش شروع ہو گئی۔اس کے علاوہ اسکیم 33 اور اطراف میں بھی بارش ہو رہی ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق وسطی اور شمالی علاقوں میں بارش برسانے والے بادل موجود ہیں، ان علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شام تک بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔ سندھ میں کہیں کہیں ہلکی سے معتدل بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہےگزشتہ 24 گھنٹوں میں شارع فیصل پر سب سے زیادہ 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ملیر اور سرجانی میں 64، گلشن حدید میں 50، نارتھ کراچی میں 34، یونیورسٹی روڈ پر 30 اور ناظم آباد میں 23 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔علاوہ ازیں چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ کراچی میں آج شام تک بارش کا امکان رہے گا۔ان کا کہنا ہے کہ نچلی سطح کے بادل شہر میں موجود ہیں، اس دوران ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ 5 فروری کے بعد کراچی میں صبح و رات موسم خنک رہنے کا امکان ہے۔

سندھ اور بلوچستان میں موسم کا احوال
Shares: