میرپور ماتھیلو (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) میرپور ماتھیلو میں سندھ بینک کے منیجر پرویز شاہ کے خلاف سیلاب متاثرین نے شدید احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین نے منیجر پر کرپشن، بدعنوانی اور عوام دشمن رویہ رکھنے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ پرویز شاہ نے بینک کو اپنی ذاتی جاگیر بنا رکھا ہے اور غریب عوام کے لیے مختص امدادی فنڈز اور سہولتوں میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ضرورت مند اور بے سہارا افراد کو ریلیف دینے کے بجائے انہیں ذلیل و خوار کیا جاتا ہے، جس سے عوام میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ منیجر اپنے سیاسی تعلقات کی بنا پر احتساب سے بچتا رہا ہے، لیکن اب اس کا رویہ سب کے سامنے آ چکا ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ حکام اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور اس کرپٹ منیجر کو اس کے عہدے سے ہٹائیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گے۔

سیلاب متاثرین نے خصوصی طور پر سردار محمد بخش خان مہر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

Shares: