پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےبلدیاتی اداروں کے ضمنی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی پر اظہار تشکرکیا ہے
بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ایک بار پھر تیر چل گیا، بی بی شہید کے جیالے جیت گئے،تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد اور جیالوں کو شاباش، بلدیاتی ضمنی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے،عوام نے ایک بار پھر نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کرکے بلامتیاز عوامی خدمت کو چُنا،کراچی میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کا بڑے مارجن سے جیت کر سوئیپ کرنا تاریخی پیشرف ہے،یقین ہے کہ پیپلز پارٹی کے نومنتخب بلدیاتی نمائندے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے،الیکشن میں کامیابی آپ کے کندھوں پر بھاری ذمہ داریاں اور امتحان لائی ہے،آپ کو محدود وسائل اور زیادہ مسائل کا سامنا ہوگا، حل پارٹی ویژن کا نفاذ اور آپ کی محنت ہے
دوسری جانب سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل میمن نے بلدیاتی ضمنی انتخابات میں پی پی پی کے کامیاب امیدواروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی ضمنی انتخابات میں کامیاب پیپلزپارٹی امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،پی پی پی کی کامیابی ثبوت ہے کہ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کی قیادت اور وژن پر اعتماد کرتے ہیں
واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کی، جبکہ جماعت اسلامی لیاقت آباد سمیت اپنی دیگر نشستوں سے بھی محروم ہو گئی۔غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 10 میں سے 8 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔پیپلز پارٹی نے 3 چیئرمین، 1 وائس چیئرمین اور 4 وارڈ ممبرز کی نشستیں جیت لیں۔ جماعت اسلامی کے امیدوار صرف 2 نشستوں پر کامیاب ہو سکے، جن میں 1 چیئرمین اور 1 وارڈ ممبر کی نشست شامل ہے۔