جب پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہواتھا تب عمران خان عوام کی مدد کرنے کی بجائے سیاسی جلسوں میں مصروف تھے-مرادعلی شاہ

ٹھٹھہ باغی ٹی وی(نامہ نگار راجہ قریشی)جب پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہواتھا تب عمران خان عوام کی مدد کرنے کی بجائے سیاسی جلسوں میں مصروف تھے- مرادعلی شاہ
تفصیل کے مطابق وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پورا پاکستان بشمول سندھ شدید بارشوں اور سیلاب کے دوران جب ڈوبا ہوا تھا تب بھی عوام کے درمیان رہ کر ان کی مدد کرنے کے بجائے عمران خان سیاسی جلسوں میں مصروف تھے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے منتخب نما‏ئندے اسمبلیوں میں نہیں جاتے اور تنخواہ لیتے ہیں، جب منتخب ہوکر ایوانوں میں عوام کی آواز نہیں بنتے تو ووٹ لینے کا کیا فائدہ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ٹھٹھہ میں شیرازی خاندان کے سربراہ مشہور و معروف شخصیت سابق صوبائی مشیر سید اعجاز علی شاہ شیرازی کی دوسری برسی کی تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء سید سردار علی شاہ اور شبیر احمد بجارانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عمران خان پیپلز پارٹی سے جہاں جہاں الیکش لڑے وہاں شکست کھائی خواہ وہ پنجاب ہو یا سندھ ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں جھموری ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے چاہتے ہیں کہ کے پی کے اور پنجاب میں اسمبلیاں نہ توڑيں، اگر توڑتے ہیں تو اور اچھا ہے ہم الیکشن لڑیں گے۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ سروے کے مطابق سندھ میں 21 لاکھ کے قریب گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 14 لاکھ گھر مکمل تباہ ہوئے ہیں اور لوگوں کے سر پر چھت نہیں وہ ٹینٹس میں رہ رہے ہیں، سندھ اور وفاقی حکومت مل کر اس وقت بھی لوگوں کی مدد کر رہے ہیں چاہے وہ رلیف ہو یا بحالی، چیئرمن بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف ورلڈ بینک، ایشین ڈولپمنٹ بینک کے ساتھ مل کر لوگوں کیلئے گھر، اسکولز، ایریگیشن سسٹم، روڈز، کسانوں کو ہر ایکڑ پر پانچ ہزار روپے بیج کیلئے دینے سمیت دیگر انفرااسٹرکچر کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرتضی وہاب نے کراچی کی بہتری کے لئے بہت اچھا کام کیا لیکن کچھ سیاسی جماعتوں کی جانب سے تقید کی جا رہی تھی کہ آپ سیاسی آدمی کو ہٹائیں اسی کے مد نظر ایسے شخص کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کیا ہے جو کہ پہلے ہی میونسل کمشنر رہ چکے ہیں اور ان کو تجربہ بھی ہے یہ کسی بھی ایگریمنٹ کا تسلسل نہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں صوبہ بنانے کے متعلق کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نواز اور پی ٹی آئی بھی شامل ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والوں کو سندھ کے لوگ ہی جینے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر کسی بھی ناجائز قبضوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قبل ازیں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سابق صوبائی وزیر سید اعجاز علی شاہ شیرازی کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید اعجاز علی شاہ شیرازی ایک مقبول و معروف عوامی خدمتگار جبکہ ہر وقت اپنے عوام کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرتے رہتے تھے، وہ ایک انسان پرور شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے کہا کہ یہ عوام کا سمندر دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ سید اعجاز علی شاہ شیرازی آج بھی عوام کو دلوں میں دھڑک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سید اعجاز علی شاہ شیرازی کی ٹھٹھہ اور سجاول اضلاع کے عوام کیلئے کی گئی خدمات قابل تعریف ہیں اور ان کی کی گئی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جوکہ نا قابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا فرمان ہے کہ سیاسی لوگوں کی جنت عوام کے قدموں میں ہے۔ انہوں نے کہا دعا ہے اللہ تعالی انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ تقریب سے صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ، سابق سینیٹر سید شفقت حسین شاہ شیرازی، ایم این اے سید ایاز علی شاہ شیرازی، معاون خصوصی سید ریاض حسین شاہ شیرازی، ارباب وزیر میمن و دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور معززین نے بھی خطاب کرتے ہوغے سید اعجاز علی شاہ شیرازی کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی زندگی پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں معاون خصوصی صادق علی میمن، ایم پی ایز سید شاہ حسین شاہ شیرازی، محمد علی ملکانی، پ پ رہنماء عاشق حسین زرداری، سید محمود عالم شاہ، عبدالحمید پنہور، امتیاز علی قریشی، غلام قادر پلیجو، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمٰن میمن ، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری ،ایس ایس پی ٹھٹھہ عدیل حسین چانڈیو اور دیگر مختلف محکموں کے افسران کے علاوہ ٹھٹھہ و سجاول اضلاع کے سیاسی و سماجی رہنماؤں، معززین اور عوام کی وسیع تعداد نے شرکت کی۔

Leave a reply