محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے کے طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولتے ہوئے دنیا کی معروف درسگاہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیے اسکالرشپ پروگرام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
اس اقدام کو سندھ حکومت کی جانب سے بین الاقوامی معیار کی تعلیم کے فروغ اور باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی تعلیمی اداروں تک رسائی دینے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔محکمہ تعلیم سندھ کے ترجمان کے مطابق یہ اسکالرشپ پروگرام گریجویٹ، ماسٹرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند امیدواروں کے لیے دستیاب ہوگا۔ اسکالرشپ کے تحت منتخب طلبہ کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جو نہ صرف انفرادی سطح پر بلکہ صوبے اور ملک کے لیے بھی ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے والے امیدوار کا سندھ کا ڈومیسائل ہونا لازمی ہے، جب کہ قومی شناختی کارڈ کی موجودگی بھی بنیادی شرط قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ امیدوار کو آکسفورڈ یونیورسٹی کے طے شدہ میرٹ اور داخلہ معیار پر پورا اترنا ہوگا، جس میں تعلیمی قابلیت، تحقیقی صلاحیت اور دیگر اہلیتیں شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد اہل امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا، جب کہ حتمی انتخاب انٹرویو کے مرحلے کے بعد کیا جائے گا تاکہ صرف بہترین اور اہل امیدواروں کو منتخب کیا جا سکے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ اسکالرشپ پروگرام چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے دورے کے تناظر میں دیا جا رہا ہے۔ اس دورے کے دوران اعلیٰ تعلیمی تعاون، طلبہ کے لیے مواقع اور عالمی جامعات سے روابط کے فروغ پر خصوصی گفتگو کی گئی تھی، جس کے عملی نتائج اب اسکالرشپ کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔








