سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے،سندھ میں بھی اگر بڑے اسپیل آئے تو سندھ حکومت مکمل تیار ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے 2010 سے بارشیں اور سیلاب دیکھی ہیں، کسی بھی صوبے کو امداد اور انتظامی مدد کی ضرورت ہوگی تو ہم مدد کریں گے سندھ میں بھی بڑے اسپیل آئے تو سندھ حکومت مکمل تیار ہے، پوری انتظامیہ الرٹ ہے، مشینری موجود ہے، بلوچستان کے افسوس ناک واقعے کی پوری پیپلز پارٹی نے شدید مذمت کی، کہا کہ قاتلوں کو سخت سزا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ کاروباری لوگوں کے لیے آسانی پیدا کرنے جا رہے ہیں، آن لائن اور ون ونڈو آپریشن ہوگا، پاکستان میں اس وقت کاروبار کے لیے گولڈن موقع ہے لیاری میں جو عمارت منہدم ہوئی، اس پر سخت ایکشن لیا گیا، مخدوش عمارتوں کو خالی کروایا جا رہا ہے، اس وقت تک 59 عمارتیں خالی کروائی جاچکی ہیں، غیر قانونی تعمیرات کو توڑا جا رہا ہے،اور حکومت چھ ماہ کا کرایہ کرایہ داروں کو فراہم کر رہی ہے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی تعمیرات کی اطلاع دیں، کیونکہ ان سے قیمتی انسانی جانیں خطرے میں پڑتی ہیں۔
ترقیاتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو تیزی سے مکمل ہو رہی ہے، اگست تک جام صادق پل بھی مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، کے فور منصوبے پر بھی وزیر اعلیٰ سندھ اجلاس کر رہے ہیں اور یہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
شرجیل میمن نے سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی سیاسی رہنما کو سزا ملنے پر پیپلز پارٹی کو خوشی نہیں ہوتی، لیکن اگر کوئی جلاؤ گھیراؤ کرے تو اسے معاف نہیں کیا جا سکتا، قومی املاک کو آگ لگانا سیاست نہیں، بلکہ دہشتگردی ہے، ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ کا ماسٹر مائنڈ اس وقت اڈیالہ جیل میں ہے، اور ہم انتشار کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں۔
بلوچستان میں قتل ہونیوالی خاتون کی والدہ کا بیان سامنے آ گیا،ملزمان کی رہائی کا مطالبہ