حیدرآباد: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے راول ہائوس راہوکی، ٹنڈو جام میں اپنے حلقے کے عوام سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران بڑی تعداد میں مقامی رہنماؤں، پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان اور عام شہریوں نے شرکت کی۔ عوام نے وزیر کو اپنے مسائل، شکایات اور علاقے میں درپیش مختلف مشکلات سے آگاہ کیا۔شرجیل انعام میمن نے شہریوں کی باتیں غور سے سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو عوامی مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کی خدمت کو عبادت سمجھتی ہے اور پیپلز پارٹی کی قیادت ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت عوام کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتی ہے، اور عوام ہی ہماری اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا نصب العین ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود، ترقی، اور خوشحالی رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کسی بھی مشکل وقت میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی، چاہے وہ قدرتی آفات ہوں، معاشی دباؤ ہو یا سماجی مسائل، حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی، پیپلز پارٹی کا مقصد اقتدار نہیں بلکہ عوامی خدمت ہے، اور اسی جذبے کے تحت ہم صوبے کے ہر کونے میں ترقیاتی منصوبے جاری رکھے ہوئے ہیں۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون اور اعتماد سے ہی حکومت اپنی پالیسیوں کو کامیابی سے آگے بڑھا سکتی ہے، وہ ذاتی طور پر اپنے حلقے کے عوام کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور ان کے حل کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وہ عوام سے رابطہ برقرار رکھیں گے تاکہ ہر مسئلے کو زمینی سطح پر حل کیا جا سکے، پیپلز پارٹی عوامی طاقت سے وجود میں آئی ہے اور اسی طاقت کے ذریعے سندھ کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Shares: