پاکستان لیڈرشپ کنورسیشن 2025 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی سرزمین قدیم تاریخ، وسیع ثقافتوں اور بے پناہ صلاحیتوں سے مالامال ہے۔ ہم ان چیلنجوں کو نظر انداز نہیں کر سکتے جو ہماری ترقی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت ان تمام چیلنجز پر قابو پانے اور صوبے کو آگے بڑھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ معیاری تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تنظیموں کے ساتھ سندھ حکومت نے شراکت داری کی ہے۔انہوں نے غربت کے خاتمے کے لیے تعلیم کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ سندھ کے ہر بچے کو سیکھنے اور بڑھنے کا موقع فراہم کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شعبہ صحت کی بہتری کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا اور بتایا کہ بچوں کی اموات میں کمی لانے اور غذائی قلت کا مقابلہ کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔مراد علی شاہ نے زرعی شعبے میں بہتری لانے کے لیے جدید آبپاشی تکنیکوں کو فروغ دینے پر بھی زور دیا اور کہا کہ "پانی فقط ہماری ضرورت نہیں بلکہ یہ ہمارے کسانوں کی بقا کا معاملہ ہے۔”

کراچی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ سندھ کا دل ہے اور یہاں جدید اور پائیدار ٹرانسپورٹیشن کا قیام انتہائی ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس بات کا انکشاف کیا کہ سندھ حکومت نے کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ سیکٹر کو تبدیل کرنے کے لیے 500 الیکٹرک بسیں چلائی ہیں، جس کے نتیجے میں ٹریفک کے بہاؤ اور شہری فضائی آلودگی میں کمی آئی ہے۔مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ ہم 8000 الیکٹرک بسوں کا جامع منصوبہ شروع کرنے جا رہے ہیں، جو تین مراحل میں ماس ٹرانزٹ سسٹم میں شامل کی جائیں گی۔

انہوں نے سی پیک کے نئے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک دوئم سندھ کے لیے اقتصادی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہے، جس میں صنعت کاری اور زرعی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "بنیادی اسٹرکچر کی ترقی اور توانائی کا بحران ہماری ترقی میں رکاوٹ ہیں،” اور اس منصوبے سے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے معاشی استحکام کی راہیں ہموار ہوں گی۔

وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز اور وسائل کا حصول ضروری ہے۔انہوں نے سندھ کی افرادی قوت کی مہارت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی افرادی قوت ہنر مند ہے اور مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار ہے۔ مراد علی شاہ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ صوبے کی بنیادی اسٹرکچر کی تعمیر نو اور جدید بنانے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہر شعبے میں پائیدار طریقوں کو فروغ دینے کے لیے تیار ہیں۔اختتام پر انہوں نے کہا کہ "ہم سب مل کر پائیدار اور خوشحال سندھ بنائیں گے۔”

Shares: