سندھ میں لاک ڈاؤن ، ٹرانسپورٹ بند ہونے سے کن اشیا کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا؟
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے دوران اناج کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ،کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن نے گورنر،وزیراعلیٰ سندھ،آئی جی پولیس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا
چیئرمین کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن ملک ذوالفقار علی کا کہنا ہے کہ اناج کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑکے باعث کراچی میں گندم، دالوں،چاول کی قلت کا خدشہ ہے، پولیس اہلکار لاک ڈاؤن کی آڑ میں پنجاب سمیت اندروں سندھ سے آنے والی اناج کی گاڑیاں بلاوجہ روک رہے ہیں، عوام کو بلاتعطل اناج کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پولیس اہلکاروں کو گاڑیوں کی پکڑ دھکڑسے روکا جائے،
ملک ذوالفقارعلی کا مزید کہنا تھا کہ اناج بشمول دالوں، چاول ودیگر اجناس کی گاڑیاں روکنے سے غذائی اشیاء کی قلت پیدا ہوسکتی ہے،
اناج کی گاڑیاں بروقت مارکیٹ نہیں پہنچیں تو عوام کو دالوں، چاول سمیت دیگر غذائی اشیاء کی فراہمی ممکن نہیں ہوسکے گی، عوام کے بہتر ترین مفاد میں اناج کی گاڑیاں نہ روکنے کی ہدایت جاری کی جائے، تاجربرادری مشکل کی اس گھڑی میں عوام سے منافع نہ کمائیں،
دوسری جانب سندھ میں لاک ڈاون سے بھینسوں کے چارے کی کمی سے کیٹل فارمرز پریشان ہو گئے ہیں،سیکریٹری ڈیری فارمر ایسوسی ایشن غلام رسول کا کہنا ہے کہ بھینسوں کے چارے کے ٹرکس کو سندھ میں داخلے سے روکا جا رہا ہے۔ بھینسوں کا چارہ پنجاب سے آتا ہے۔ بیرون ملک سے بھی چارے کی درآمد پر پابندی ہے ،چارے کی کی کے باعث بھینسوں کی جان کو خطرہ ہے۔
غلام رسول کا مزید کہنا تھا کہ فوری طور پر چارے کی فراہمی نہ کی گئی تو جانور مرنا شروع ہو جائیں گے،جانوروں کے چارے کے ٹرکوں کو سندھ میں داخلے کی اجازت دی جائے۔ چارے کے ٹرکوں کو لاک داون پابندی سے استثنی قرار دیا جائے۔







