پاکستان مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم اور کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کراچی میں شدید بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں خصوصاً بونیر اور سوات میں تباہ کاریوں کے حوالے سے مرکزی مسلم لیگ ہاؤس کراچی میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کراچی کے نائب صدر شہباز عبدالجبار اور مہدی اسحاق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ندیم نے کہا کہ چند گھنٹوں کی بارش نے شہر کراچی کو مفلوج کرکے رکھ دیا۔ شہری گھنٹوں پانی میں پھنسے رہے مگر نکاسیٔ آب کا کوئی مؤثر انتظام نظر نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ 17 سال بعد بھی اگر شہر قائد کو نکاسیٔ آب کا جدید نظام میسر نہ ہوسکا تو یہ سندھ حکومت کی بدترین ناکامی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام کے خادم بننے کے بجائے حکمران خائن ثابت ہوئے ہیں۔ مئیر کراچی کو اپنی نااہلی پر شرم آنی چاہیے۔فیصل ندیم نے کہا کہ شہر قائد کو جان بوجھ کر لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے مگر ہم اسے تنہا نہیں چھوڑیں گے بلکہ اس کی آواز بنیں گے۔ حکمران وقت کے لیے یہ پیغام ہے کہ ڈرامے اور فوٹو سیشن چھوڑ کر عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کریں۔
پریس کانفرنس میں خیبرپختونخوا خصوصاً بونیر اور سوات کی تباہ کن صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ صدر سندھ فیصل ندیم نے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں پورے کے پورے گاؤں ملبے تلے دب گئے ہیں اور مقامی عوام اپنے پیاروں کو تلاش کرنے کے لیے پتھروں کو سونگھ کر شہداء کی نشاندہی کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 400 سے زائد جنازے اٹھائے جاچکے ہیں مگر حکومت اس بڑے انسانی المیے پر سچ چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت صرف فوٹو سیشن تک محدود رہی ہے اور جس گڈ گورننس کا دعویٰ کیا جاتا ہے وہ اس سانحے میں کہیں نظر نہیں آئی۔
مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے اعلان کیا کہ مرکزی مسلم لیگ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ریلیف و بحالی کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے 30 رکنی میڈیکل ٹیم بونیر روانہ کی جارہی ہے جس میں مرد و خواتین ڈاکٹرز شامل ہیں تاکہ متاثرہ عوام کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔فیصل ندیم نے مزید کہا کہ اتوار کے روز اشیائے خورد و نوش کی بڑی کھیپ بھی بونیر اور سوات کے متاثرہ خاندانوں تک پہنچائی جائے گی۔ مرکزی مسلم لیگ صرف فوری امداد تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پانی کے ذرائع بحال کرنے اور ملبہ ہٹا کر عوامی زندگی کو دوبارہ معمول پر لانے کے اقدامات میں بھی بھرپور حصہ لے گی۔
مرکزی مسلم لیگ کی قیادت نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ خدمت کا ہے۔ حکومتوں نے اگر اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تو عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوجائے گا۔ فیصل ندیم نے کہا کہ ہم ہر حال میں عوامی خدمت جاری رکھیں گے اور کراچی ہو یا بونیر، متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
خدمت خلق کے یہ جوان اور ہمارا فرض،تحریر: سعد فاروق
پاکستان شاہینز نیپال کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی
پیوٹن اور زیلنسکی کی ملاقات کا امکان مسترد ، سفارتی کشیدگی میں اضافہ
صدر ٹرمپ کا نیشنل گارڈز کے ساتھ واشنگٹن میں گشت کا اعلان