کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سے وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے اہم امور پر بات چیت کی۔ وزیر کھیل سندھ نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد میں پی سی بی کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ حکومت کا تعاون چیمپئنز ٹرافی کے ایونٹ کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تعاون سے ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں مزید سہولت حاصل ہو گی اور کرکٹ کی ترقی کے لیے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
اس ملاقات کے دوران وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے سندھ کے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں نظر انداز کرنے پر شکوہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو میرٹ پر قومی ٹیم میں جگہ دینی چاہیے تاکہ ان کی صلاحیتوں کو مناسب پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔سردار محمد بخش مہر نے مزید کہا کہ سندھ کے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے بھرپور مواقع دئیے جائیں گے اور ان کی مکمل حمایت کی جائے گی۔