حکومت سندھ نے محرم الحرام 2025 کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 9 اور 10 محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ محرم الحرام کے دوران اسلحہ لے کر چلنے کے تمام اجازت نامے معطل رہیں گے۔ علاوہ ازیں، بغیر اجازت ڈرون یا ہیلی کیم کے استعمال پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ عوام کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب، حکومت سندھ نے محرم الحرام کے لیے سیکیورٹی سے متعلق سخت ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ ان ہدایات کے مطابق بغیر اجازت کوئی جلوس، وال چاکنگ یا اشتعال انگیز تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام محرم جلوسوں کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اس موقع پر حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان قائم رکھنے میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی ملاقات