اسکردو: پاکستان کی نامور گلوکارہ قرۃ العین بلوچ دیوسائی نیشنل پارک میں براؤن ریچھ کے حملے میں زخمی ہوگئیں۔ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ کیمپنگ میں مصروف تھیں۔
عینی شاہدین کے مطابق گلوکارہ پر اچانک ایک بھاری بھرکم براؤن ریچھ نے حملہ کیا، جس کے باعث ان کے دونوں بازو بری طرح زخمی ہوگئے۔ ساتھیوں نے فوری طور پر انہیں ریچھ کے حملے سے بچایا اور طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ قرۃ العین بلوچ کو ریجنل اسپتال اسکردو میں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی معائنے کے بعد بتایا گیا ہے کہ ان کے بازوؤں پر گہرے زخم آئے ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ گلوکارہ دیوسائی میں ایک نئے گانے کی شوٹنگ کے سلسلے میں موجود تھیں۔ شوٹنگ ٹیم کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ قدرتی مناظر کے درمیان کیمپنگ کر رہے تھے۔محکمہ وائلڈ لائف کے حکام نے بھی اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ دیوسائی نیشنل پارک میں ریچھوں کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے کیمپنگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر ہے۔
گلوکارہ قرۃ العین بلوچ پاکستان کی موسیقی کی دنیا میں ایک نمایاں نام ہیں اور ان کی اچانک زخمی ہونے کی خبر نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کی صحتیابی کے لیے دعاؤں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔