قرآن پبلشرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین سید احسن محمود شاہ ، سرپرست اعلی حفیظ البرکات شاہ اور صدر قدرت اللہ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آج جبکہ پوری دنیا میں رسول مقبول ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشیاں منائی جارہی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ولادت مصطفی منانے کے ساتھ رسول مقبول ﷺ کی سیرت کو بھی اپنانے کا عہد کیا جائے ۔ رسول اکرم ﷺ نے اپنی حیات مبارکہ میں ریاست مدینہ کی بنیاد رکھ کر دنیا کو بتایا کہ عدل و انصاف، مساوات، اخوت اور خدمت خلق کے اصولوں پر قائم ریاست ہی حقیقی معنوں میں مضبوط اور پائیدار ہوتی ہے۔ آج اگر پاکستان کے حکمران اور عوام سیرت مصطفی پر عمل پیرا ہونے کا عہد کر لیں تو غربت، کرپشن اور ظلم کی آندھیاں چھٹ جائیں گی اور ہمارا وطن حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بن جائے گا۔انھوں نے کہا کہ سیرت طیبہ صرف عبادات تک محدود نہیں بلکہ سیاسی، سماجی، معاشی اور معاشرتی پہلوو ں پر بھی روشنی ڈالتی ہے۔ نبی کریم نے ریاست مدینہ میں ہر شہری کو بلا امتیاز انصاف فراہم کیا، اقلیتوں کے حقوق محفوظ بنائے اور معاشی خوشحالی کی راہیں کھولیں۔ اگر ہماری تعلیمی اداروں میں سیرت نبوی کو نصاب کا مرکزی حصہ بنا دیا جائے، عدالتوں میں عدل فاروقی اور حکومت میں شریعت محمدی قائم ہو جائے تو پاکستان نہ صرف دنیا کے نقشے پر ایک باوقار ریاست کے طور پر ابھرے گا بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے مینارہ نور ثابت ہوگا۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی ذاتی اور اجتماعی زندگی میں نبی کریم کے نقشِ قدم کو اپنا لیں، کیونکہ اسی میں دین و دنیا دونوں کی کامیابی مضمر ہے۔ سیرت رسول محض ایک تاریخی ورثہ نہیں بلکہ ایک زندہ حقیقت ہے، جو ہر دور میں انسانیت کے لیے روشنی اور پاکستان کے استحکام کے لیے یقین کی کرن ہے۔انھوں نے کہا آج کا دور نفرت، بے حسی اور ظلم کا عکاس ہے، مگر سیرتِ محمدی ہی اس اندھیرے میں روشنی کا مینار ہے۔ نوجوان نسل کو چاہیے کہ حضور ﷺ کی تعلیمات کو مشعل راہ بنائے تاکہ معاشرہ امن، محبت اور انصاف کا گہوارہ بن سکے۔

سیرتِ محمدی ہی اس اندھیرے میں روشنی کا مینار ہے،سید احسن محمود شاہ
ممتاز حیدر2 مہینے قبل
کی طرف سے پوسٹ کیا گیاممتاز حیدر
ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں
Follow @MumtaazAwan







