سیرت رحمتہ للعالمینؐ ہمارے لیے مشغل راہ ہے: مولانا عبدالخبیر آزاد

0
48

چارسدہ :باچا خان اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سلاطین ہال ضلع چارسدہ سیرت رحمتہ للعالمینؐ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان تھے،اس کانفرنس میں ایمل ولی خان صوبائی صدر اے این پی،مولانا گوہر شاہ،امیر جمعیت علماء اسلام چارسدہ مولانا ادریس،شیخ الحدیث جامعہ حقانی آکوڑہ خٹک،الحاج ملک طارق اعوان،معصوم بادشاہ،پیر آفتاب نقشبندی اور دیگر علماء کرام کے ساتھ ساتھ ایک بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی،

رحمتہ للعالمینؐ کانفرنس سے مولانا سیدمحمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت رحمتہ للعالمینؐ ہمارے لیے مشغل راہ ہے،آج ہمیں ایسی کانفرنسوں کا انعقاد ہر سطح پر کرنے کی ضرورت ہے،حضورؐ کی سیرت پر عمل کرکے ہی ہم کامیاب ہوسکتے ہیں، آپؐ کی سیرت احترام انسانیت کا عظیم درس دیتی ہے،آپؐ کو سارے جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا اور آپ ؐ کا فرمان ہے کہ مومن مومن کا بھائی ہے،آج ہمیں مذہبی ہم آہنگی و رواداری کے لیے سیرت النبیؐ سے روشنی حاصل کرکے کامیابی حاصل کرنی ہوگی،آنے والامہینہ ربیع الاوّل کا ہے جس کو ہم سب مل کر منائیں گے،ہمارے لیے نبی کریمؐ کی ذات سے بڑھ کرکوئی نہیں،نبی کریم ؐ کی سیرت ہمیں وحدت واتحاد کا درس دیتی ہے،

پیغام پاکستان نبی کریمؐ کی سیرت کی روشنی میں پاکستان کا جو عظیم بیانیہ بنایا گیا آج اس کو ہر گھر کی آواز بنانے کی ضرورت ہے،یہ وہ بیانیہ ہے جس نے دہشت گردی و انتہاء پسندی کی کمر کو توڑاہے،ملک کے اندر سیلاب کی تباہ کاریوں سے جو لوگ متاثر ہوئے ان کیلئے جو قوم نے دل کھول کر مدد کی اور حکومت اور افواج پاکستان نے جس طرح سیلاب زدگان کو بچانے میں اپنا کردار ادا کیا وہ لائق تحسین ہے،ہم اس موقع پر اپنی بہادر مسلح افواج کو سلام پیش کرتے ہیں،انھوں نے کہا کہ آج ہمیں اپنی اخلاقی قدریں بنانے کی ضرورت ہے جس کا درس نبی کریمؐ کی سیرت سے ملتاہے،آخرمیں مولانا آزاد نے باچا خان اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن اور منتظمین کانفرنس کا شکریہ ادا کیا اور ملکی سلامتی،ترقی وخوشحالی،استحکام پاکستان،عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ،مقبوضہ کشمیر وفلسطین کی آزادی اور سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

Leave a reply