کشمور(باغی ٹی وی،نامہ نگارمختیاراعوان) سندھ حکومت کی ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل، گڈو بیراج پر صورتحال کا جائزہ

کشمور میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت حرکت میں آ گئی۔ صوبائی وزیر کھیل و زراعت سردار محمد بخش خان مہر اور سابق ایم پی اے شیریار شر صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کے حکم پر گڈو بیراج پہنچے جہاں انہیں پانی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

ایکسین گڈو بیراج جاوید احمد چاچڑ نے بتایا کہ فلڈ کا پانی آج پنجند پہنچ رہا ہے جو دو دن بعد گڈو بیراج سے گزرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام بند مضبوط ہیں اور آبپاشی کا عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود ہے۔

صوبائی وزیر محمد بخش مہر نے کہا کہ سندھ حکومت سپر فلڈ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، 9 لاکھ کیوسک کو سپر فلڈ تصور کیا جاتا ہے، تاہم صورتحال قابو میں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت پاک فوج، نیوی اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ریلیف اور ریسکیو سرگرمیوں کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، میڈیکل کیمپ اور ریلیف کیمپ قائم کیے جا چکے ہیں۔

Shares: