نارنگ منڈی(نامہ نگار محمد وقاص قمر) لاہور سے راولپنڈی جانے والی مسافر ٹرین اسلام آباد ایکسپریس کالاشاہ کاکونالہ ڈیک کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ٹرین کی چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور کم از کم 27 مسافر زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ ایک مسافر ٹرین کے نیچے دب گیا ہے۔

حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں۔ زخمیوں کو نزدیکی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ذرائع کے مطابق ریلوے ٹریک کی حالت انتہائی خراب بتائی جا رہی ہے اور حالیہ شدید بارشوں کی وجہ سے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا ہے، جو اس حادثے کا ممکنہ سبب قرار دیا جا رہا ہے۔

ریلوے حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ متاثرہ ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔

مزید تفصیلات آتے ہی شامل کی جائیں گی۔

Shares: